سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ و محصولات کی ذیلی کمیٹی نے موجودہ کاروباری اوقات کار میں ابتدائی طور پر 30 منٹ اضافے کی سفارش کردی جبکہ پاور ڈویڑن نے کاروباری اوقات بڑھانے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کے لیے 600 میگاواٹ اضافی بجلی درکار ہوگی اور فرنس آئل پلانٹس چلانے کی صورت میں فی یونٹ فیول کاسٹ میں 5 روپے اضافہ ہوگا۔
سینیٹر طلحہ محمود کی زیرصدارت اجلاس میں کاروباری برادری نے مؤقف اختیار کیا کہ انکم ٹیکس اور سیلز ٹیکس اسی وقت بڑھے گا جب کاروبار چلے گا، پاور ڈویڑن حکام نے بتایا کہ ملک کے پاس صرف ایک دن کا ایل این جی اسٹاک ہے جبکہ اسپاٹ کارگوز منگوانے کی صورت میں بجلی مزید مہنگی پڑے گی۔ تاریخیکتب اور دستاویزی فلمیں دریافت کرنا
اجلاس میں کاروباری اوقات کار بتدریج معمول پر لانے کے لیے 30 منٹ اضافے کی سفارش کی گئی، پاکستان سے صنعتوں کی منتقلی، ایف بی آر کی گورننس، افسران کی دہری شہریت، صنعتی پالیسی اور کاروباری برادری کو سہولت دینے کے امور پر بھی غور کیا گیا۔
ایف بی آر حکام نے بتایا کہ کاروباری برادری کے ساتھ مشترکہ کمیٹیوں سمیت اعتماد سازی کے اقدامات کیے گئے ہیں جبکہ وزیراعظم کی ہدایت پر چیئرمین ایف بی آر ہر ماہ کے پہلے ہفتے کراچی میں کیمپ آفس قائم کریں گے اور لاہور میں بھی دو روزہ کیمپ آفس قائم کرنے کا منصوبہ ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ذیلی کمیٹی نے ایکسپورٹ پراسیسنگ زونز اور اسپیشل اکنامک زونز کو 2035 تک مرحلہ وار ختم کرنے کی آئی ایم ایف کی شرط پر دوبارہ مذاکرات کی سفارش بھی کی اور پاکستان کے صنعتی اور سرمایہ کاری مفادات کو مدنظر رکھنے پر زور دیا۔
