پاکستان اور آسٹریلیا ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے میچ آفیشلز کا اعلان

0

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ہونے والی تین ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل سیریز کے لیے میچ آفیشلز کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔

پی سی بی کے مطابق آئی سی سی انٹرنیشنل پینل کے میچ ریفری علی نقوی تینوں میچز میں پلیئنگ کنٹرول ٹیم کے سربراہ کے فرائض انجام دیں گے۔ سیریز کا دوسرا ٹی ٹوئنٹی میچ علی نقوی کے کیریئر کا بطور میچ ریفری پچاسواں میچ ہوگا۔

علی نقوی نے اپنے ٹی ٹوئنٹی میچ ریفری کیریئر کا آغاز اپریل 2023 میں اسی میدان، قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کیا تھا، جہاں اب وہ ایک اہم سنگِ میل عبور کرنے جا رہے ہیں۔

آئی سی سی ایلیٹ پینل کے امپائر احسن رضا سیریز کے ابتدائی دو میچز میں آن فیلڈ امپائر کے فرائض سرانجام دیں گے۔ پہلے میچ میں ان کے ساتھ آئی سی سی ایمرجنگ پینل کے امپائر آصف یعقوب آن فیلڈ امپائر ہوں گے، جبکہ دوسرے میچ میں ان کے ساتھ راشد ریاض امپائرنگ کریں گے۔

تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں راشد ریاض اور آئی سی سی انٹرنیشنل پینل کے امپائر ناصر حسین آن فیلڈ امپائر کی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔

امپائرنگ انتظامات کے مطابق پہلے میچ میں ناصر حسین تھرڈ امپائر اور راشد ریاض فورتھ امپائر ہوں گے۔ دوسرے میچ میں آصف یعقوب تھرڈ امپائر جبکہ ناصر حسین فورتھ امپائر کی ذمہ داری انجام دیں گے۔

تیسرے اور آخری میچ میں پی سی بی نیشنل ایلیٹ پینل کے طارق رشید کو تھرڈ امپائر جبکہ ذوالفقار جان کو فورتھ امپائر مقرر کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تینوں ٹی ٹوئنٹی میچز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے، جو سہ پہر 4 بجے شروع ہوں گے۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.