ایلون مسک کی ٹرمپ کے ’بورڈ آف پیس‘ پر طنزیہ تنقید، ڈیووس میں دلچسپ تبصرہ

Elon Musk's sarcastic criticism of Trump's 'Board of Peace', interesting comment at Davos

ڈیووس – دنیا کے امیر ترین شخص اور معروف ٹیکنالوجی ارب پتی ایلون مسک نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اعلان کردہ ’بورڈ آف پیس‘ پر طنزیہ انداز میں تنقید کرتے ہوئے دلچسپ تبصرہ کیا ہے۔

ایلون مسک ورلڈ اکنامک فورم کے سالانہ اجلاس کے دوران ایک پینل گفتگو میں شریک تھے جہاں انہوں نے بورڈ آف پیس سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

انہوں نے ہنستے ہوئے کہا کہ جب انہوں نے ’پیس سمٹ‘ کے بارے میں سنا تو انہیں لگا شاید یہاں ’Peace (امن)‘ کے بجائے ’Piece (ٹکڑا)‘ کی بات ہو رہی ہے۔

ایلون مسک کے مطابق ان کے ذہن میں آیا کہ شاید گرین لینڈ یا وینزویلا کے کسی چھوٹے حصے پر گفتگو ہو رہی ہوگی۔

بعد ازاں انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ ان کا تبصرہ طنزیہ تھا، لیکن حقیقت یہ ہے کہ ہم سب امن ہی چاہتے ہیں اور دنیا میں استحکام ہر ایک کے مفاد میں ہے۔

واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 17 جنوری کو اپنی سربراہی میں ’غزہ بورڈ آف پیس‘ کے قیام کا اعلان کیا تھا، جس کا مقصد غزہ میں سیکیورٹی، انسانی امداد، تعمیر نو کے منصوبوں میں ہم آہنگی اور فلسطینی اتھارٹی میں اصلاحات کے لیے راہ ہموار کرنا ہے۔

بورڈ آف پیس میں امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو، مشرق وسطیٰ کے لیے خصوصی نمائندہ اسٹیو وٹکوف، ورلڈ بینک کے صدر اجے بنگا، ڈونلڈ ٹرمپ کے داماد جیراڈ کوشنر، سابق برطانوی وزیر اعظم ٹونی بلیئر سمیت دیگر بین الاقوامی شخصیات کو شامل کیا گیا ہے۔

سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق ایلون مسک کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ٹرمپ کا بورڈ آف پیس عالمی سطح پر بحث اور تنقید کی زد میں ہے، خصوصاً اس کے اختیارات اور دائرہ کار کے حوالے سے سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے