پاکستان کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت یا عدم شرکت کا فیصلہ کل متوقع

0

پاکستان ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت کرے گا یا نہیں، اس حوالے سے حتمی فیصلہ کل متوقع ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف آج لندن سے لاہور پہنچیں گے، جس کے بعد چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کل وزیراعظم سے ملاقات کریں گے۔ اس ملاقات میں ورلڈ کپ میں شرکت یا عدم شرکت کے معاملے پر تفصیلی گفتگو کی جائے گی اور فیصلہ وزیراعظم کی ہدایت کی روشنی میں کیا جائے گا۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے قومی کرکٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بنگلادیش کرکٹ بورڈ کا مؤقف اصولوں پر مبنی تھا اور پاکستان نے کرکٹ کے سنہری اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے بنگلادیش کی حمایت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم کے کھلاڑی باصلاحیت ہیں اور کسی بھی میدان میں کامیابی ٹیم ورک کے ذریعے حاصل کی جاتی ہے۔

محسن نقوی نے واضح کیا کہ سیاست زدہ کرکٹ کسی کے مفاد میں نہیں اور ورلڈ کپ سے متعلق حکومت پاکستان جو بھی فیصلہ کرے گی، پی سی بی اس پر من و عن عمل کرے گا۔

واضح رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے بنگلادیش کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے باہر کرتے ہوئے اس کی جگہ اسکاٹ لینڈ کو ٹورنامنٹ میں شامل کرنے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ آئی سی سی کے مطابق بنگلادیش کی جانب سے سیکیورٹی تحفظات کے حوالے سے گزشتہ تین ہفتوں تک مشاورت جاری رہی، جس دوران اندرونی اور بیرونی ماہرین سے تفصیلی سیکیورٹی اسیسمنٹ بھی کروائی گئی۔

آئی سی سی کا کہنا ہے کہ جائزے کے بعد بھارت میں بنگلادیش ٹیم کو کوئی قابلِ تصدیق سیکیورٹی خطرہ ثابت نہیں ہوا۔ مقررہ وقت تک بنگلادیش کی جانب سے حتمی جواب موصول نہ ہونے پر گورننس اور کوالیفکیشن قوانین کے تحت متبادل ٹیم شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

آئی سی سی کے اعلامیے کے مطابق اسکاٹ لینڈ اس وقت آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں 14ویں نمبر پر ہے اور اس کی درجہ بندی نمیبیا، متحدہ عرب امارات، نیپال، امریکا، کینیڈا، عمان اور اٹلی سے بہتر ہے۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.