انڈر 19 ورلڈ کپ: پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 8 وکٹ سے شکست دے کر شاندار کامیابی حاصل کر لی
ہرارے – انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ کے سپر سکس مرحلے میں پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کو 8 وکٹ سے شکست دے دی۔
ہرارے میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے 211 رنز کا ہدف محض 18ویں اوور میں 2 وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا، یوں گرین شرٹس نے 197 گیندیں قبل ہدف مکمل کر کے اپنی برتری واضح کر دی۔
پاکستان کی جانب سے سمیر منہاس نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 39 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی۔ وہ 59 گیندوں پر 76 رنز بنا کر ناقابلِ شکست رہے اور میچ کے نمایاں کھلاڑی قرار پائے۔
اس سے قبل نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم پاکستانی باؤلرز کے سامنے بے بس نظر آئی اور صرف 110 رنز بنا کر 29ویں اوور میں آؤٹ ہو گئی۔ کیوی ٹیم کی جانب سے ہیوگو بوگیو 39 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔
پاکستان کی جانب سے باؤلنگ میں عبدالسبحان نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ علی رضا نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ مومن قمر اور محمد صیام نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
واضح رہے کہ میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا تھا، جو مکمل طور پر درست ثابت ہوا۔