کراچی – آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی جانب سے جاری عوامی تھیٹر فیسٹیول 2026ء کے پانچویں روز اصلاحی اسٹیج ڈرامہ ’یہ کیسا دور ہے؟‘ پیش کیا گیا، جسے معروف اداکار ذاکر مستانہ نے لکھا اور ڈائریکٹ کیا۔
ڈرامے میں شکیل شاہ، شہباز صنم، شانزے، سپنا، پرویز صدیقی، علی ذاکر اور اکرم سونو نے اپنی شاندار اداکاری سے حاضرین کو محظوظ کیا۔ ہال میں شائقین کی بڑی تعداد موجود تھی اور انہوں نے فنکاروں کے فن کی بھرپور پذیرائی کی۔
ڈرامے کی کہانی سوشل میڈیا کے غلط استعمال کے گرد گھومتی ہے۔ کہانی میں ایک متوسط طبقے کے خاندان کے چار افراد دکھائے گئے ہیں، جن میں ماں اور بیٹا ٹک ٹاک اور غیر سنجیدہ وی لاگز بنانے میں مصروف ہیں، جبکہ باپ اور بیٹی انہیں گھر کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر اپ لوڈ نہ کرنے کا مشورہ دیتے ہیں۔
کہانی ایک اہم واقعے پر منتج ہوتی ہے جب بیٹا ایک ویڈیو بناتے ہوئے غلطی سے بچے کو گولی مار دیتا ہے، جس سے وہ زخمی ہو جاتا ہے۔ واقعے کے بعد پولیس لڑکے کو گرفتار کر لیتی ہے، مگر بعد ازاں عدالت سے ضمانت ملتی ہے اور ماں بیٹا اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے توبہ کر لیتے ہیں۔
ڈرامے کے ذریعے یہ پیغام دیا گیا کہ موبائل فون اور سوشل میڈیا مفید ذرائع ہیں، مگر ان کے غلط استعمال سے معاشرتی مسائل جنم لیتے ہیں، لہٰذا ذمہ داری کا مظاہرہ ہر فرد کے لیے ضروری ہے۔فنکاروں کی پرفارمنس نے قہقہوں اور تالیاں بٹوریں اور حاضرین نے ڈرامے کا بھرپور لطف اٹھایا۔
