کراچی – پاکستانی سینئر اداکار جاوید شیخ نے حال ہی میں نجی ٹی وی کے مارننگ شو میں شرکت کرتے ہوئے خون کے رشتوں اور دوستوں کی اہمیت پر کھل کر بات کی۔
جاوید شیخ نے بتایا کہ وہ کراچی میں گل پلازہ کے قریب صرف دو کمروں کے مکان میں اپنے آٹھ بہن بھائیوں کے ساتھ محبت اور اتحاد کے ساتھ رہتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ جوائنٹ فیملی دو طرح کی ہوتی ہیں: ایک وہ جہاں بڑا گھر ہو اور آپ کو والدین کی موجودگی کا اندازہ نہ ہو، اور دوسری وہ جہاں سب ایک دوسرے کے اوپر رہیں، جس میں گزارا کرنا بہت مشکل ہوتا ہے۔
اداکار نے مزید کہا کہ خون کے رشتے بعض اوقات رسوا کر دیتے ہیں، جبکہ دوستیاں یا روحانی رشتے زیادہ قریبی اور مددگار ثابت ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کل کے حالات میں بچے والدین سے جائیداد لے کر انہیں تنہا چھوڑ دیتے ہیں، اور اکثر والدین کی دیکھ بھال وہ دوست ہی کرتے ہیں جو کبھی کبھی انہیں اپنے گھروں میں بھی لے جاتے ہیں۔
جاوید شیخ نے زور دیا کہ ایسے رشتے، جو دل سے جڑے ہوں، خون کے رشتوں سے بھی زیادہ قیمتی اور کارآمد ہوتے ہیں۔
