لاہور/اسلام آباد – پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) نے ایف آئی ایچ پرو ہاکی لیگ کے دوسرے مرحلے میں شرکت کے لیے قومی ہاکی ٹیم کو باضابطہ طور پر این او سی جاری کر دیا ہے۔
پی ایس بی کے مطابق پاکستان ہاکی ٹیم 4 سے 15 فروری تک آسٹریلیا کے شہر ہوبارٹ میں منعقد ہونے والے ایف آئی ایچ پرو ہاکی لیگ کے دوسرے مرحلے میں حصہ لے گی۔ تاہم ٹیم کی بیرونِ ملک روانگی وزارت داخلہ سے کلیئرنس سے مشروط ہوگی۔
قومی ٹیم کے ہمراہ جانے والے آفیشلز میں ہیڈ کوچ طاہر زمان، اسسٹنٹ کوچز محمد عثمان اور ذیشان اشرف، ویڈیو اینالسٹ محمد ندیم خان لودھی اور مسیور محمد اسلم شامل ہیں۔
قومی سکواڈ میں گول کیپرز منیب الرحمٰن، علی رضا جبکہ کھلاڑیوں میں احمد شکیل بٹ، محمد سفیان خان، غضنفر علی، احمد ندیم، معین شکیل، محمد عبداللہ، محمد حماد الدین انجم، رانا عبد الواحد اشرف، افراز، ابو بکر محمود، عبد الرحمن، عبد الحنان شاہد، ذکریا حیات، ارشد لیاقت، رانا محمد ولید اشرف، ارباز احمد، محمد امجد اور عمیر ستار۔
پاکستان ہاکی ٹیم پرو لیگ کے اس مرحلے میں عالمی معیار کی ٹیموں کے خلاف اہم مقابلے کھیلے گی، جنہیں قومی ہاکی کی بحالی کی کوششوں کے تناظر میں نہایت اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
