آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ ٹرافی کی لاہور میں نمائش، آسٹریلوی ہائی کمشنر کی خصوصی شرکت
لاہور – آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ ٹرافی کی نمائش کے پہلے مرحلے کا آغاز لاہور کے ایک نجی کالج میں منعقدہ تقریب سے ہوا، جہاں ٹرافی کی باضابطہ رونمائی کی گئی۔
تقریب کے دوران ویمنز کرکٹ میچز کا بھی انعقاد کیا گیا، جبکہ مہمانِ خصوصی آسٹریلوی ہائی کمشنر نے ٹرافی کے ساتھ تصاویر بنوائیں اور کرکٹ سے گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر طالبات نے بھی ٹرافی کے ساتھ سیلفیاں بنوا کر تقریب کو یادگار بنا دیا۔
آسٹریلوی ہائی کمشنر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آسٹریلیا گرلز کرکٹ کے ذریعے پاکستان کے مستقبل میں سرمایہ کاری کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی خواتین کو دیگر شعبوں کی طرح کرکٹ کے میدان میں بھی آگے بڑھتا ہوا دیکھنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کھیل بالخصوص کرکٹ دونوں ممالک کے درمیان روابط مضبوط کرنے کا مؤثر ذریعہ ہے اور خواتین کرکٹ کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششیں مستقبل میں مثبت نتائج دیں گی۔
لاہور ٹور کا شیڈول
ورلڈ کپ ٹرافی کے لاہور ٹور کے دوران:
-
پاکستان اور آسٹریلیا کے دوسرے ٹی20 میچ کے موقع پر ٹرافی کی خصوصی نمائش کی جائے گی
-
کھلاڑیوں کے ساتھ فوٹو شوٹ بھی شیڈول ہے
-
قذافی اسٹیڈیم کے باہر پی سی بی شاپ پر شائقین کے لیے ٹرافی رکھی جائے گی
-
تیسرے ٹی20 میچ کے دوران میڈیا اور خصوصی مہمانوں کے لیے بھی ٹرافی کی نمائش ہوگی
ٹرافی ٹور کا مقصد نوجوانوں خصوصاً طالبات میں کرکٹ سے دلچسپی بڑھانا اور ویمنز کرکٹ کو فروغ دینا ہے۔