پی ایف ایف نے قومی اور جونیئر ٹیموں کے کوچنگ اسٹاف کا اعلان کر دیا

0

پاکستان فٹبال فیڈریشن نے قومی، جونیئر اور ویمن ٹیموں کے لیے کوچنگ اسٹاف کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت مختلف سطحوں پر نئے تقرر کیے گئے ہیں۔

پاکستان کے سابق کپتان عیسیٰ خان کو پاکستان انڈر 16 ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا ہے، جبکہ جعفر خان گول کیپنگ کوچ ہوں گے۔ محمد ندیم اور ارشد خان اس ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ ہوں گے۔ پاکستان انڈر 16 ٹیم اپریل میں قازقستان میں ہونے والے یوئیفا ڈیولپمنٹ ٹورنامنٹ میں شرکت کرے گی۔

پی ایف ایف نے قومی ٹیم کے سابق کوچ شہزاد انور کو پاکستان انڈر 20 ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کیا ہے۔ شیخ ہمدان کوچنگ پینل کا حصہ ہوں گے، جبکہ نعمان ابراہیم گول کیپنگ کوچ اور محمد حبیب اسسٹنٹ کوچ کے طور پر خدمات انجام دیں گے۔ انڈر 20 ٹیم مارچ میں مالدیپ میں ہونے والی ساف انڈر 20 چیمپئن شپ میں حصہ لے گی۔

قومی ویمن ٹیم کے لیے فیفا سیریز کی تیاریوں کے سلسلے میں عدیل رزقی کی واپسی ہوئی ہے۔ کوچنگ اسٹاف میں ایران سے تعلق رکھنے والی سولماز ایزیمیا اور مہناز سادیگی شامل ہوں گی، جبکہ احسان اللہ گول کیپنگ کوچ کے طور پر برقرار رہیں گے۔

مزید برآں ناصر اسماعیل اور ولید جاوید خان کو قومی ٹیم کے کوچنگ اسٹاف میں شامل کیا گیا ہے جو ہیڈ کوچ نولبرٹو سولانو کے ساتھ کام کریں گے، جبکہ اے ایف سی لائسنس اے ہولڈر محمد اسلم خان کو قومی ٹیم کا گول کیپنگ کوچ مقرر کیا گیا ہے۔

پی ایف ایف کے مطابق یہ تقرریاں آئندہ بین الاقوامی مقابلوں میں بہتر کارکردگی کے لیے طویل المدتی منصوبہ بندی کا حصہ ہیں۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.