چولستان جیپ ریلی کا دوسرا روز آج، حادثے میں پولیس اہلکار کے جاں بحق ہونے پر مقدمہ کیلئے درخواست دائر
چولستان جیپ ریلی کے دوسرے روز صحرائے چولستان کے ٹیلوں پر جیپ ریسرز اپنی مہارت کے جوہر دکھائیں گے جبکہ آج سٹاک کیٹگری گاڑیوں کی ریس منعقد ہوگی۔
21ویں انٹرنیشنل میگا ایونٹ میں سٹاک کیٹگری کی ریس میں 79 ریسرز حصہ لیں گے۔ سب سے پہلے محمد ریان خلیل ٹریک پر اتریں گے، ان کے بعد بسمہ اللہ مگسی اور تیسرے نمبر پر اویس شیوانی اپنی گاڑی دوڑائیں گے۔ ریسرز 216 کلومیٹر طویل دشوار گزار ٹیلوں پر مقابلہ کریں گے جبکہ اس کیٹگری میں 4 خواتین ریسرز بھی شریک ہوں گی۔
دل وش اسٹیڈیم میں ثقافتی سرگرمیوں کے تحت اونٹ ڈانس، ناچتی بکریوں کا شو اور کبڈی میچ کا انعقاد کیا جائے گا جبکہ ٹی ڈی سی پی کی جانب سے میوزیکل نائٹ بھی ہوگی۔ پری پیئرڈ کیٹگری گاڑیوں کا فائنل راؤنڈ کل ہوگا اور ٹی ڈی سی پی ریزورٹ میں انعامات تقسیم کیے جائیں گے۔
دوسری جانب ریلی کے دوران پیش آنے والے حادثے میں ایک پولیس اہلکار کے جاں بحق ہونے پر مقدمہ درج کرنے کے لیے درخواست جمع کرا دی گئی ہے۔ پولیس کے مطابق حادثہ قلعہ جام گڑھ کے قریب اس وقت پیش آیا جب ریسر فیصل شادی خیل کی جیپ نمبر 112 ٹریک سے اتر کر دورانِ ڈیوٹی اہلکار پر چڑھ دوڑی۔
حادثے میں جاں بحق ہونے والے اے ایس آئی محمد بشیر شہر فرید تھانے میں تعینات تھے۔ پولیس کی مدعیت میں تھانہ مروٹ میں مقدمہ درج کرنے کی درخواست دی گئی ہے جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ڈرائیور کی غفلت کے باعث واقعہ پیش آیا اور انہوں نے دفعات 322 اور 277 کا ارتکاب کیا۔