لاہور: دسویں فیض فیسٹیول کا آخری روز، پینل ڈسکشن اور ثقافتی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری
الحمراء آرٹس کونسل لاہور میں جاری دسویں فیض فیسٹیول کا آج آخری روز ہے۔ فیسٹیول کے تیسرے دن بھی علم و ادب، فنونِ لطیفہ اور ثقافتی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رہا۔
ہال نمبر دو میں "چاند کو گل کریں تو ہم جانیں” کے عنوان سے پینل ڈسکشن منعقد کی گئی، جس میں معروف شخصیات خواجہ سعد رفیق، حماد غزنوی اور وجاہت مسعود شریک ہوئیں، جبکہ پینل کی نظامت فواد حسن فواد کر رہے ہیں۔
فیسٹیول کے دوران طلبہ، ادیب، شاعر، اداکار، صحافی اور فیملیز بڑی تعداد میں شریک ہوئے جبکہ ملکی مندوبین نے بھی شرکت کی۔ تیسرے روز بھی 20 سے زائد سیشنز کا انعقاد ہوا اور فیسٹیول میں بک سٹالز بھی لگائے گئے۔
پروگرام میں ثقافتی پرفارمنس کے علاوہ مختلف سیشنز میں معروف دانشور، صحافی اور مصنفین نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ سیشنز میں سیاست میں سوشل میڈیا کے کردار، خواتین کی کامیابیاں، پنجاب کی سیاست، فلسطین کی صورتحال، نئی صحافتی ٹیکنالوجی اور سماجی مسائل جیسے موضوعات پر مکالمے کیے گئے۔
دسویں فیض فیسٹیول کی کامیابی سے معلوم ہوتا ہے کہ یہ پلیٹ فارم علم، ادب اور ثقافت کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔