ویسٹ انڈیز نے ٹی 20 ورلڈکپ میں نیپال کو 9 وکٹوں سے شکست دی، سپر ایٹ مرحلے میں کوالیفائی
ممبئی – ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے 25 ویں گروپ میچ میں ویسٹ انڈیز نے یکطرفہ مقابلے کے بعد نیپال کو 9 وکٹوں سے شکست دے دی۔ میچ ممبئی کے وانکھیڈے سٹیڈیم میں کھیلا گیا، جہاں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
نیپال نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 133 رنز بنائے۔ دیپندرا سنگھ ایری نے شاندار 58 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنائے۔ اس کے علاوہ لوکیش بام 13، آصف شیخ 11، گلثن جا 11 رنز بنا کر پویلین لوٹے، جبکہ سومپل کامی 26 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ نیپال کے چار دیگر کھلاڑی بھی ڈبل فگر میں داخل نہ ہو سکے۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے جیسن ہولڈر نے 4 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ عاکل حسین، میتھیو فورڈی، شیمر جوزف اور روسٹن چیس نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
ویسٹ انڈیز نے نیپال کی جانب سے دیا گیا 134 رنز کا ہدف محض 16 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
اس فتح کے ساتھ ویسٹ انڈیز نے اپنے پہلے دو میچز میں انگلینڈ اور سکاٹ لینڈ کو شکست دے کر شاندار فارم کا مظاہرہ کیا۔ دوسری جانب نیپال کو اپنے دو میچز میں اٹلی اور انگلینڈ کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
ویسٹ انڈیز اب ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سپر ایٹ مرحلے میں پہنچنے والی دوسری ٹیم بن گئی ہے، اس سے قبل جنوبی افریقا نے بھی 3 میچز جیت کر اس مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا تھا۔