آن لائن جوا ایپ پروموشن کیس: یوٹیوبر رجب بٹ اور ندیم مبارک کی عبوری ضمانتوں میں 6 مارچ تک توسیع
لاہور – آن لائن جوا ایپ کی تشہیر سے متعلق مقدمے میں نامزد یوٹیوبرز رجب بٹ اور ندیم مبارک سمیت دیگر ملزمان کی عبوری ضمانتوں میں 6 مارچ تک توسیع کر دی گئی۔
لاہور کی سیشن کورٹ میں کیس کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج منصور قریشی نے کی۔ سماعت کے دوران عدالت نے ملزمان کی عبوری ضمانتیں برقرار رکھتے ہوئے آئندہ پیشی تک تفتیش مکمل کرنے کی ہدایت جاری کی۔
ملزمان کی جانب سے عدالت میں درخواست دائر کی گئی کہ ان کے نام سفری پابندی کی فہرست سے نکالے جائیں، تاہم اس حوالے سے فیصلہ آئندہ سماعت پر متوقع ہے۔
واضح رہے کہ نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے یوٹیوبرز کے خلاف آن لائن جوا ایپ کی پروموشن کے الزام میں مقدمہ درج کر رکھا ہے۔ کیس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ سوشل میڈیا کے ذریعے مبینہ طور پر جوئے سے متعلق مواد کی تشہیر کی گئی۔
عدالت نے آئندہ سماعت پر تفتیشی رپورٹ طلب کرتے ہوئے کارروائی ملتوی کر دی۔