بانی پی ٹی آئی کا جیل میں طبی معائنہ، میڈیکل رپورٹ جاری
بانی پی ٹی آئی کا گزشتہ روز جیل میں طبی معائنہ کیا گیا جس کے بعد پروفیسر ڈاکٹر ندیم قریشی اور پروفیسر ڈاکٹر محمد عارف خان کے دستخطوں سے میڈیکل رپورٹ جاری کر دی گئی۔
رپورٹ کے مطابق بانی پی ٹی آئی کا معائنہ 15 فروری کو ماہر امراض چشم پر مشتمل پروفیسرز کے بورڈ نے کیا۔ بورڈ میں الشفاء ٹرسٹ آئی اسپتال کے پروفیسر ڈاکٹر ندیم قریشی اور پمز کے پروفیسر ڈاکٹر محمد عارف خان شامل تھے۔
میڈیکل رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی دائیں آنکھ کی بینائی عینک کے بغیر 6/24 پارشل جبکہ بائیں آنکھ کی بینائی 6/9 ریکارڈ کی گئی۔ عینک کے استعمال کے بعد دائیں آنکھ کی بینائی بہتر ہو کر 6/9 پارشل اور بائیں آنکھ کی بینائی 6/6 ہو گئی۔
رپورٹ کے اجرا کے ساتھ ہی اہم حقائق بھی سامنے آئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی کا معائنہ کرنے والے ڈاکٹروں نے پی ٹی آئی اور اپوزیشن قیادت کو بھی بریفنگ دی۔
میڈیکل رپورٹ کے مطابق بیرسٹر گوہر اور علامہ راجہ ناصر عباس نے گزشتہ رات پمز میں دونوں ڈاکٹرز سے ملاقات کی، جہاں انہیں بانی پی ٹی آئی کی صحت کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ علاوہ ازیں ڈاکٹر عاصم یوسف اور ڈاکٹر خرم مرزا کو بھی ٹیلیفون پر آگاہ کیا گیا۔
بریفنگ کے بعد اپوزیشن رہنماؤں اور بانی پی ٹی آئی کے ذاتی معالجین نے مکمل اطمینان کا اظہار کیا ہے۔