بنگلہ دیش: نئی پارلیمنٹ کے ارکان کا حلف، عبوری حکومت سبکدوش، طارق رحمان وزارتِ عظمیٰ کے لیے نامزد

0

ڈھاکا – بنگلہ دیش کی تیرہویں جاتیہ سنگسد کے نومنتخب ارکانِ پارلیمنٹ نے حلف اٹھا لیا جبکہ 18 ماہ سے قائم عبوری حکومت باضابطہ طور پر سبکدوش ہو گئی ہے۔

چیف الیکشن کمشنر اے ایم ایم نصیرالدین نے ارکانِ پارلیمنٹ سے حلف لیا، اس موقع پر بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کے سربراہ طارق رحمان نے بھی بطور رکن پارلیمان حلف اٹھایا۔ پارلیمنٹ کے ارکان اب قائدِ ایوان کے انتخاب کے لیے ووٹنگ کریں گے جس کے بعد طارق رحمان بطور وزیراعظم حلف لیں گے، جبکہ وزیراعظم اور کابینہ کی حلف برداری کی تقریب آج شام منعقد ہوگی جس میں ملکی و غیر ملکی شخصیات شرکت کریں گی۔

تقریب میں پاکستان کی نمائندگی وزیراعظم شہباز شریف کی جگہ وفاقی وزیر احسن اقبال کر رہے ہیں، جو بنگلہ دیشی قیادت سے اہم ملاقاتیں بھی کریں گے۔

حالیہ عام انتخابات میں بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی اور اس کے اتحادیوں نے 212 نشستیں حاصل کر کے پارلیمان میں دو تہائی اکثریت حاصل کی، جس کے بعد حکومت سازی کی راہ ہموار ہوئی۔

اس سے قبل عبوری حکومت کے سربراہ محمد یونس نے قوم سے خطاب میں اعلان کیا کہ عبوری انتظامیہ اپنی آئینی مدت پوری کرنے کے بعد اقتدار منتخب نمائندوں کے حوالے کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات میں ووٹرز اور سیاسی جماعتوں نے جمہوری روایت کو مضبوط کیا اور امید ظاہر کی کہ ملک میں آزادی اظہار، بنیادی حقوق اور جمہوری عمل کا تسلسل برقرار رہے گا۔

محمد یونس نے بی این پی کی کامیابی کو سراہتے ہوئے طارق رحمان کو مبارکباد دی اور کہا کہ نئی حکومت کے قیام سے سیاسی استحکام اور آئینی عمل مزید مضبوط ہوگا۔

واضح رہے کہ عبوری حکومت 2024 میں سابق وزیراعظم شیخ حسینہ کی حکومت کے خاتمے کے بعد قائم ہوئی تھی، جس نے عام انتخابات کے انعقاد اور آئینی اصلاحات کے لیے ریفرنڈم سمیت اہم اقدامات کیے۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.