پاکستان والی بال ٹیم نے ایشین گیمز 2026 میں شاندار کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھا ہے۔ قومی ٹیم نے کوارٹر فائنل میں روایتی حریف بھارت کو 3-0 سے شکست دے دی۔
پاکستان نے تینوں سیٹس میں عمدہ کھیل پیش کیا۔ قومی ٹیم نے پہلا سیٹ 25-19 سے جیتا۔دوسرے سیٹ میں بھی پاکستان نے بھارت کو 25-23 سے شکست دی۔ تیسرے سیٹ میں قومی ٹیم نے 25-18 سے کامیابی حاصل کی۔
پاکستان نے ابتدائی مرحلے میں بھی اچھی کارکردگی دکھائی تھی۔ قومی ٹیم نے قازقستان کو 3-1 سے شکست دی۔پاکستان نے ازبکستان کے خلاف بھی 3-0 سے کامیابی حاصل کی۔ تاہم جاپان کے ہاتھوں اسے 0-3 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
بھارت کے خلاف کامیابی کے بعد پاکستان نے ایشین گیمز کے مردوں کے والی بال ایونٹ کے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔ایشین گیمز 2026 میں والی بال کے مردوں کے مقابلوں میں پاکستان کو پول اے میں جاپان، قازقستان اور ازبکستان کے ساتھ رکھا گیا تھا۔
پاکستان اب سیمی فائنل میں ایران کے مدمقابل ہوگا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان اہم مقابلہ جمعہ 2 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔مقابلہ جاپانی وقت کے مطابق شام 4 بجے شروع ہوگا۔ پاکستانی وقت کے مطابق میچ دوپہر 12 بجے ہوگا۔
پاکستان اور ایران کے درمیان سیمی فائنل اوکازاکی چو سوگو پارک جمنازیم میں کھیلا جائے گا۔قومی ٹیم کی نظریں اب فائنل میں جگہ بنانے پر ہیں۔ پاکستان ایران کے خلاف بھی کامیابی حاصل کرنے کی کوشش کرے گا۔
