ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: نمیبیا پاکستان کے خلاف فتح کے لیے پُرعزم، کوچ کریگ ولیمز کا پلان تیار
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کے خلاف اہم میچ سے قبل نمیبیا کرکٹ ٹیم کے کوچ کریگ ولیمز نے کہا ہے کہ ان کی ٹیم جیت کے واضح ہدف کے ساتھ میدان میں اترے گی اور مثبت کرکٹ کھیلنے کی کوشش کرے گی۔
کولمبو میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ اس تاثر پر تبصرہ نہیں کرنا چاہتے کہ پاکستان ٹیم کا مورال کمزور ہے، تاہم ان کی اپنی ٹیم حالیہ شکستوں کے باوجود پرعزم اور پُراعتماد ہے۔
کریگ ولیمز کا کہنا تھا کہ پچ پر گھاس موجود ہے اور میچ کے روز اس کی صورتحال واضح ہو جائے گی، تاہم ٹیم نے ہر ممکن حالات کے مطابق حکمت عملی تیار کر رکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے کھلاڑی انتہائی پروفیشنل ہیں اور انہیں آؤٹ آف فارم قرار دینا درست نہیں، اسی لیے نمیبیا نے ہر پاکستانی کھلاڑی کے لیے الگ پلان بنایا ہے۔
انہوں نے خاص طور پر پاکستانی بولر عثمان طارق کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ اچھی بولنگ کر رہے ہیں اور ان کے خلاف بھی مخصوص حکمت عملی ترتیب دی گئی ہے۔
نمیبیا کے کوچ نے مزید کہا کہ پاکستان ایک مضبوط ٹیم ہے لیکن ان کی ٹیم کسی دباؤ میں نہیں آئے گی اور اپنی منصوبہ بندی کے مطابق کھیل پیش کرے گی۔ ان کے مطابق کامیابی کا انحصار اس بات پر ہوگا کہ کھلاڑی میدان میں اپنے پلان پر کس حد تک عمل کرتے ہیں۔