پاکستان شاہینز اور انگلینڈ لائنز کی ٹی ٹوئنٹی سیریز آج سے شروع
لاہور — پاکستان شاہینز اور انگلینڈ لائنز کے درمیان تین میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کا آغاز آج جمعہ 20 فروری سے ابو ظہبی کے اوول گراؤنڈ میں ہوگا۔
سیریز کا پہلا میچ آج کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا اور تیسرا مقابلہ بالترتیب 22 اور 24 فروری کو ہوگا۔ پہلے دو میچ مقامی وقت کے مطابق دوپہر 2 بجے شروع ہوں گے جبکہ تیسرا میچ شام ساڑھے سات بجے شیڈول ہے۔
ٹی ٹوئنٹی سیریز کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان پانچ میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز بھی کھیلی جائے گی جو 27 فروری سے 9 مارچ تک اوول ابو ظہبی میں ہی منعقد ہوگی۔ تمام وائٹ بال میچز پاکستان میں براہِ راست ٹین اسپورٹس پر نشر کیے جائیں گے۔
پاکستان شاہینز کے کپتان شامل حسین کا کہنا ہے کہ ٹیم میں سینئر اور نوجوان کھلاڑیوں کا متوازن کمبینیشن موجود ہے اور قیادت کرنا ان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کوچنگ اسٹاف نے تمام کھلاڑیوں کے کردار واضح کر دیے ہیں جبکہ کراچی میں لگایا گیا کیمپ ٹیم کے باہمی رابطے اور ہم آہنگی کے لیے مفید ثابت ہوا۔
انہوں نے انگلینڈ لائنز کو مضبوط حریف قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی اسکواڈ میں معیاری بیٹرز، بولرز اور اسپنرز شامل ہیں اور تمام شعبے متوازن ہیں، اس لیے ٹیم کو اپنی صلاحیتوں پر مکمل اعتماد ہے۔