اشنا شاہ کا وزیرِ اعلیٰ پنجاب کو خط، جانوروں سے بدسلوکی روکنے کا مطالبہ

0

لاہور — پاکستان کی معروف اداکارہ اشنا شاہ نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز کو خط لکھ کر صوبے میں جانوروں کے ساتھ ناروا سلوک کے بڑھتے ہوئے واقعات پر فوری توجہ دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

اداکارہ نے یہ خط اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کیا، جس میں انہوں نے آغاز میں وزیرِ اعلیٰ کی صفائی، عوامی تحفظ اور خواتین کی حفاظت سے متعلق اقدامات کو سراہا، تاہم اس کے ساتھ ایک ایسے مسئلے کی نشاندہی کی جسے ان کے بقول حکومتی سطح پر خاطر خواہ توجہ نہیں مل رہی، یعنی جانوروں پر تشدد۔

سوشل میڈیا پر وائرل واقعے کا حوالہ

اشنا شاہ نے خط میں ایک حالیہ ویڈیو کا ذکر کیا جس میں ایک کتے کو گاڑی کے ساتھ باندھ کر سڑک پر گھسیٹنے کا واقعہ دکھایا گیا۔ انہوں نے لکھا کہ سوشل میڈیا پر اس ویڈیو کے بعد ایسے تبصرے سامنے آئے جن میں حکومت کو ذمہ دار ٹھہرایا جا رہا تھا، چاہے یہ تاثر درست ہو یا نہ ہو، مگر اس سے صوبے میں جانوروں کے تحفظ کے حوالے سے منفی تاثر پیدا ہو رہا ہے۔

دیگر واقعات اور خدشات

اداکارہ نے منظم ڈاگ فائٹس، گدھوں پر تشدد اور بازاروں میں جانوروں کے ساتھ بدسلوکی جیسے واقعات کو بھی اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ مسئلہ صرف انفرادی نہیں بلکہ ایک منظم سماجی رویہ بنتا جا رہا ہے جس کے لیے مؤثر حکمتِ عملی ضروری ہے۔

عملی اقدامات کی تجاویز

خط میں انہوں نے حکومت کو چند اقدامات تجویز کیے جن میں:

  • جانوروں کے تحفظ کے موجودہ قوانین پر سختی سے عمل درآمد
  • جنگلی جانوروں کو پالتو بنانے پر پابندی
  • صوبے بھر میں آگاہی مہم اور تربیتی پروگرامز
    شامل ہیں تاکہ ایسے واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔

مذہبی اور اخلاقی پہلو

اشنا شاہ نے اپنے خط کے اختتام پر اسلامی تعلیمات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جانوروں کے ساتھ ہمدردی نہ صرف اخلاقی بلکہ دینی فریضہ بھی ہے، اور اگر حکومت اس حوالے سے عملی اقدامات کرے تو پنجاب پورے ملک کے لیے ایک مثال بن سکتا ہے۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.