وزیراعظم شہباز شریف نے قیمتی پتھروں کی کھوج، تراش خراش اور ویلیو ایڈیشن کے بعد برآمدات کے پائلٹ پراجیکٹ پر سست روی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو لائحہ عمل مرتب کرکے پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
وزیراعظم شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قیمتی پتھروں و جواہرات کے شعبے کی ترقی کیلئے اقدامات میں سست روی قبول نہیں۔ کان کنی، تراش خراش سے ویلیو ایڈیشن کا ایکو سسٹم بنایا جائے کیونکہ غیرمعیاری طریقے سے کان کنی اور قیمتی پتھروں کی اسمگلنگ سے سالانہ اربوں ڈالر کا نقصان ہوتا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ قیمتی پتھروں، معدنیات کے وسیع ذخائر سے برآمدات میں اضافے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں۔ دوسرے ممالک کی طرح برانڈ پاکستان پر کام کریں۔ ویلیوایڈیشن کیلئے سینٹرز آف ایکسیلینس جلد قائم کیا جائے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ حسین آباد اسکردو میں سینٹر آف ایکسیلیس کیلئے زمین منتقل ہو چکی۔ تعمیر جلد شروع ہوگی۔ آزاد کشمیر اور اسلام آباد میں بھی زمین کی نشاندہی کی جاچکی ہے۔ جیولوجیکل میپنگ میں گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور خیبرپختونخوا میں 8 نئے بلاکس میں قیمتی پتھروں کی دریافت کے حوالے سے مزید کام کرنے کی نشاندہی کی گئی ہے۔
