ملک میں رجسٹرڈ آبادی کتنی ہے؟ نادرا نے سالانہ رپورٹ جاری کردی
اسلام آباد: نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے مطابق ملک کی 97 فیصد آبادی سرکاری طور پر رجسٹرڈ ہے۔
نادرا نے اس حوالے سے سالانہ رپورٹ وزارت داخلہ میں جمع کرادی ہے جبکہ ترجمان نادرا شباحت علی نے ایک سالہ کارکردگی کا ڈیٹا ویڈیو بیان کی صورت میں جاری کر دیا ہے۔
ترجمان نادرا کے مطابق پاکستان میں رجسٹرڈ شہریوں کی تعداد 22 کروڑ 70 لاکھ ہے اور ملک کی 97 فیصد آبادی سرکاری طور پر رجسٹرڈ ہے، رجسٹرڈ افراد میں 48 فیصد خواتین اور 52 فیصد مرد شامل ہیں۔
ترجمان نادرا شباحت علی کے مطابق 3 کروڑ 19 لاکھ بچوں کی پیدائش کا اندراج یونین کونسلز میں ہو چکا ہے تاہم یہ بچے تاحال نادرا سے رجسٹرڈ نہیں ہیں۔
ویڈیو بیان میں بتایا گیا کہ نادرا کے بائیومیٹرک ڈیٹا بیس میں 17 کروڑ شہریوں کے چہروں کی شناخت موجود ہے جبکہ ایک ارب 68 کروڑ فنگر پرنٹس اور 70 لاکھ افراد کی آنکھوں کا ڈیٹا محفوظ ہے۔
نادرا ترجمان کے مطابق مجموعی رجسٹریشن میں 11 فیصد اضافہ ہوا، بچوں کی رجسٹریشن میں 18 فیصد جبکہ خواتین کی رجسٹریشن میں 8 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
ترجمان شباحت علی کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں نادرا کے 938 رجسٹریشن سینٹرز فعال ہیں، سال 2025 کے دوران 75 نئے رجسٹریشن سینٹرز اور 138 نئے کاؤنٹرز قائم کیے گئے جبکہ سمندر پار پاکستانیوں کی رجسٹریشن اور سہولت کو بھی وسعت دی گئی۔
ترجمان کے مطابق پاک آئی ڈی ایپلیکیشن نادرا کی 15 فیصد ذمہ داری سنبھال چکی ہے اور اس کی ڈاؤن لوڈز کی تعداد ایک کروڑ 20 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔