نبیہہ علی خان کے الزامات پر شوہر حارث کھوکھر کا ردعمل سامنے آگیا، جھوٹی قرار

0

سوشل میڈیا پرسنالٹی اور ماہرِ نفسیات نبیہہ علی خان کی جانب سے ازدواجی زندگی سے متعلق الزامات کے بعد ان کے شوہر حارث کھوکھر نے بھی اپنا مؤقف پیش کر دیا ہے۔

حارث کھوکھر نے سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو بیان میں کہا کہ نبیہہ علی خان کے الزامات حقیقت کے برعکس ہیں۔ ان کے مطابق نبیہہ نے دعویٰ کیا تھا کہ انہیں ساس اور سسر کی جانب سے ذہنی دباؤ کا سامنا رہا، تاہم ایسا نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان کے گھر میں بڑے بھائی کی اہلیہ بھی رہتی ہیں جو اسپیشلسٹ ڈاکٹر ہیں اور دو بچوں کی ماں ہیں، اور گھر کے ماحول کو باعزت قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی خاتون ناخوش ہو تو اس کے اثرات ظاہری طور پر بھی نظر آتے ہیں، جبکہ ان کے مطابق شادی کے بعد نبیہہ کی زندگی میں سہولتیں موجود تھیں، ملازمین گھریلو کام کرتے تھے اور انہیں کسی قسم کی محرومی کا سامنا نہیں تھا۔

گھر سے نکالنے کے الزام کو مسترد کرتے ہوئے حارث کھوکھر نے کہا کہ نبیہہ علی خان خود آن لائن گاڑی منگوا کر گھر سے گئیں اور اس حوالے سے سی سی ٹی وی فوٹیج بھی موجود ہے۔ ان کا دعویٰ تھا کہ دونوں کے درمیان بنیادی اختلاف صرف اس بات پر تھا کہ وہ اپنے کاروباری معاملات میں ہر جگہ اہلیہ کو ساتھ نہیں لے جا سکتے تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ کردار کشی نہیں کریں گے لیکن ان کے بقول نبیہہ شکی مزاج رکھتی ہیں اور یہی مسئلے کی اصل وجہ ہے۔

واضح رہے کہ ایک روز قبل نبیہہ علی خان نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں اپنی ازدواجی زندگی کو ذہنی اذیت، الزامات اور تضحیک پر مبنی قرار دیتے ہوئے اسے اپنی زندگی کی بڑی غلطی کہا تھا۔ اس معاملے پر سوشل میڈیا پر بحث جاری ہے اور صارفین دونوں مؤقف پر مختلف آراء کا اظہار کر رہے ہیں۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.