سپر ایٹ میں انگلینڈ سے شکست، پاکستان کی سیمی فائنل کی امیدیں دیگر نتائج سے مشروط
ٹی20 ورلڈکپ 2026 کے سپر ایٹ مرحلے میں انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے ہاتھوں شکست کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے سیمی فائنل تک رسائی کا راستہ پیچیدہ ہو گیا ہے اور اب قومی ٹیم کی قسمت صرف اپنے میچ پر نہیں بلکہ دیگر مقابلوں کے نتائج پر بھی منحصر ہے۔
گروپ ٹو کی موجودہ صورتحال کے مطابق انگلینڈ اپنے دونوں میچ جیت کر 4 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے اور سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی بھی کر چکا ہے۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے پاس ایک ایک پوائنٹ ہے جبکہ سری لنکا کرکٹ ٹیم ابھی تک کوئی کامیابی حاصل نہیں کر سکا۔
پاکستان کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے پہلی شرط یہ ہے کہ وہ اپنے آخری میچ میں سری لنکا کو شکست دے۔ اس کے ساتھ ساتھ ضروری ہوگا کہ انگلینڈ اپنے آخری میچ میں نیوزی لینڈ کو بھی ہرا دے اور سری لنکا نیوزی لینڈ کے خلاف کامیاب ہو۔ اس صورت میں پاکستان کے 3 پوائنٹس ہوں گے جبکہ نیوزی لینڈ صفر اور سری لنکا کے 2 پوائنٹس رہ جائیں گے، یوں قومی ٹیم سیمی فائنل میں جگہ بنا سکتی ہے۔
تاہم اگر انگلینڈ نیوزی لینڈ کو ہرا دے لیکن نیوزی لینڈ سری لنکا کو شکست دے دیتا ہے تو پاکستان اور نیوزی لینڈ دونوں کے 3،3 پوائنٹس ہو جائیں گے اور اس مرحلے پر سیمی فائنل کی ٹیم کا فیصلہ بہتر رن ریٹ کی بنیاد پر ہوگا۔
اس طرح قومی ٹیم کو نہ صرف سری لنکا کے خلاف کامیابی درکار ہے بلکہ بہتر مارجن سے جیت بھی اہم ہو گئی ہے تاکہ ممکنہ رن ریٹ کے مقابلے میں برتری حاصل کی جا سکے۔