فہد مصطفیٰ اور عتیقہ اوڈھو کے درمیان تنازع ختم، دونوں فنکاروں کی ایک دوسرے سے معافی

0

پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار و میزبان فہد مصطفیٰ اور سینئر اداکارہ عتیقہ اوڈھو کے درمیان حالیہ تلخ جملوں کا تبادلہ بالآخر ختم ہو گیا ہے اور دونوں فنکاروں نے ایک دوسرے سے معذرت کر لی ہے۔

نجی ٹی وی چینل پر نشر ہونے والے لائیو گیم شو کے دوران فہد مصطفیٰ نے اپنے متنازع بیان پر باقاعدہ معافی مانگتے ہوئے عتیقہ اوڈھو کو براہِ راست مخاطب کیا۔ انہوں نے کہا کہ عتیقہ آپا ہماری سینئر ہیں، ہم سب ان سے محبت کرتے ہیں اور وہ پاکستان کی خوبصورت ترین خواتین میں شمار ہوتی ہیں۔ فہد مصطفیٰ کا کہنا تھا کہ وہ اپنے طنزیہ جملے پر شرمندہ ہیں اور دل سے معذرت خواہ ہیں۔

اس سے قبل عتیقہ اوڈھو بھی سوشل میڈیا پر فہد مصطفیٰ سے معافی مانگ چکی تھیں۔ انہوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا تھا کہ فہد ایک باصلاحیت اور محنتی پروفیشنل ہیں اور اگر ان کی کسی بات سے انہیں یا کسی اور کو دکھ پہنچا تو وہ اس پر معذرت چاہتی ہیں۔ انہوں نے عوامی شخصیات کو تنقید کا سامنا کرنے کی مشکل کا ذکر کرتے ہوئے معاملہ ختم کرنے اور آگے بڑھنے کی اپیل کی۔

واضح رہے کہ تنازع اس وقت شروع ہوا تھا جب عتیقہ اوڈھو نے ایک انٹرویو میں فہد مصطفیٰ کو اپنی عمر کی اداکاراؤں کے ساتھ کام کرنے کا مشورہ دیا تھا، جس پر فہد مصطفیٰ نے طنزیہ ردعمل دیا تھا۔ اس بیان کو سوشل میڈیا اور شوبز حلقوں میں تنقید کا سامنا کرنا پڑا، تاہم اب دونوں فنکاروں کے درمیان صلح ہو گئی ہے۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.