نریندر مودی دو روزہ دورے پر اسرائیل پہنچ گئے، نیتن یاہو نے بین گوریون ایئرپورٹ پر استقبال کیا

0

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اپنے دیرینہ اتحادی بینجمن نیتن یاہو سے ملاقات کے لیے دو روزہ سرکاری دورے پر اسرائیل پہنچ گئے، جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔

عالمی خبر رساں اداروں کے مطابق مودی کا استقبال بین گوریون ایئرپورٹ پر اسرائیلی وزیراعظم نے خود کیا۔ اس موقع پر نیتن یاہو کی اہلیہ سارہ نیتن یاہو، اعلیٰ حکام اور فوجی بینڈ بھی موجود تھا۔ استقبالیہ تقریب میں اسرائیل کا قومی ترانہ بجایا گیا جبکہ نیتن یاہو نے مودی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا “خوش آمدید، میرے دوست”۔

بھارتی وزیراعظم بعد ازاں یروشلم روانہ ہوں گے جہاں وہ کنیسٹ سے خطاب کریں گے۔ دورے کے دوران دونوں رہنما دفاعی تعاون، تجارت، ٹیکنالوجی، معیشت اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی بات چیت کریں گے۔ ذرائع کے مطابق اس موقع پر متعدد دفاعی اور اقتصادی معاہدوں پر دستخط متوقع ہیں۔

مودی کے دورِ حکومت میں بھارت اور اسرائیل کے تعلقات میں غیر معمولی قربت آئی ہے۔ جولائی 2017 میں نریندر مودی اسرائیل کا دورہ کرنے والے پہلے بھارتی وزیراعظم بنے تھے، جبکہ جنوری 2018 میں نیتن یاہو بھارت کا دورہ کرنے والے پہلے اسرائیلی وزیراعظم تھے۔ ان دوروں کے بعد دونوں ممالک کے درمیان دفاعی، انٹیلی جنس اور تجارتی روابط میں نمایاں اضافہ ہوا۔

تجزیہ کاروں کے مطابق موجودہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی برقرار ہے، جس کے باعث بھارت اور اسرائیل کے اسٹریٹجک تعلقات مزید مضبوط ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.