پاک افغان کشیدگی: چین کا تحمل، مذاکرات اور ثالثی پر زور
بیجنگ – چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان بڑھتی ہوئی سرحدی کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ممالک سے تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی ہے۔
ترجمان کے مطابق پاکستان اور افغانستان نہ صرف ایک دوسرے کے قریبی ہمسایہ ہیں بلکہ چین کے بھی اہم پڑوسی ممالک ہیں، اس لیے خطے میں کشیدگی میں اضافہ تشویشناک ہے۔ چین موجودہ صورتحال پر قریبی نظر رکھے ہوئے ہے اور حالیہ جھڑپوں میں ہونے والی جانی ہلاکتوں پر دلی افسوس کا اظہار کرتا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ چین ہر قسم کی دہشت گردی کے خلاف کارروائی کی حمایت کرتا ہے، تاہم مسائل کے حل کے لیے فوجی تصادم کے بجائے مذاکرات اور مشاورت کا راستہ اختیار کیا جانا چاہیے۔
چینی ترجمان نے کہا کہ بیجنگ ماضی میں بھی پاکستان اور افغانستان کے درمیان ثالثی کی کوششیں کرتا رہا ہے اور دونوں ممالک کے تعلقات میں بہتری کے لیے آئندہ بھی تعمیری کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔