چین نے نیٹو پر زور دیا ہے کہ وہ ہر معاملے میں چین کو تنقید کا نشانہ بنانے کا سلسلہ بند کرے اور نام نہاد "چینی خطرہ” کے بیانیے کو فروغ دینے سے گریز کرے۔
شنہوا نیوز ایجنسی کے مطابق چینی وزارتِ خارجہ کی ترجمان ماؤ ننگ نے جمعرات کو معمول کی پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ نیٹو ایک علاقائی دفاعی اتحاد ہے، جس کے فرائض اور جغرافیائی حدود واضح طور پر متعین ہیں، اس لیے اسے اپنے دائرہ کار سے تجاوز کرتے ہوئے چین پر بے بنیاد الزامات عائد نہیں کرنے چاہییں۔
ماؤ ننگ نے کہا کہ چین ہمیشہ عالمی امن، استحکام اور مشترکہ ترقی کے فروغ کے لیے مثبت کردار ادا کرتا رہا ہے اور اس نے کبھی کسی ملک کے لیے خطرہ پیدا نہیں کیا۔ ان کے مطابق چین کی ترقی کو خطرے کے طور پر پیش کرنا حقائق کے منافی اور غیر ذمہ دارانہ طرزِ عمل ہے۔
چینی ترجمان نے نیٹو پر زور دیا کہ وہ سرد جنگ کی فرسودہ ذہنیت ترک کرے، چین کے بارے میں حقیقت پسندانہ اور متوازن نقطۂ نظر اپنائے اور نام نہاد "چینی خطرہ” کے بیانیے کو ہوا دینا بند کرے۔
