عرب اور مسلم ممالک ایران کا ساتھ دیں اور امریکہ و اسرائیلی جارحیت کامقابلہ کریں، حماس
غزہ — فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے ایران پر امریکہ اور اسرائیل کے حملوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے عرب اور مسلم ممالک سے فوری اتحاد اور مشترکہ موقف اختیار کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
تنظیم کی جانب سے جاری بیان میں “اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف صیہونی۔امریکی جارحیت” کو خطے کے لیے خطرناک قرار دیا گیا اور کہا گیا کہ حماس مشکل وقت میں ایران کے ساتھ اپنی یکجہتی کا اعادہ کرتی ہے۔ بیان میں عرب اور مسلم دنیا پر زور دیا گیا کہ وہ متحد ہو کر ان حملوں کو ناکام بنائیں۔
حماس نے الزام عائد کیا کہ امریکہ اور اسرائیل خطے کا جغرافیائی و سیاسی نقشہ تبدیل کر کے “گریٹر اسرائیل” کے منصوبے کو آگے بڑھانا چاہتے ہیں، جس کی قیمت عرب اور مسلم ممالک کو چکانا پڑے گی۔
دوسری جانب فلسطینی اسلامی جہاد نے بھی ایران کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تہران کو امریکی۔اسرائیلی حملوں کے جواب میں اپنے دفاع کا مکمل حق حاصل ہے۔ تنظیم کے بیان کے مطابق یہ جنگ صرف ایران تک محدود نہیں بلکہ پورے خطے اور مسلم دنیا کو نشانہ بنانے کی کوشش ہے۔
فلسطینی اسلامی جہاد نے بھی عرب اور مسلم عوام سے اپیل کی کہ وہ متحد ہو کر ان “دشمنانہ عزائم” کے خلاف مشترکہ محاذ قائم کریں۔
تجزیہ کاروں کے مطابق فلسطینی تنظیموں کے یہ بیانات اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ ایران پر حملوں کے بعد خطے میں محاذ بندی مزید گہری ہو رہی ہے اور مختلف گروہ کھل کر ایک دوسرے کی حمایت میں سامنے آ رہے ہیں، جس سے وسیع علاقائی کشیدگی کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔