ایران پر حملوں کی ویڈیو میں فلمی کلپ کے استعمال پر بین اسٹلر کا وائٹ ہاؤس سے احتجاج
ہالی ووڈ اداکار اور فلم ساز Ben Stiller نے White House کی جانب سے ایران پر حملوں سے متعلق ایک ویڈیو میں اپنی فلم کا کلپ استعمال کرنے پر سخت اعتراض کرتے ہوئے اسے فوری طور پر ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔
وائٹ ہاؤس نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم X پر 42 سیکنڈ کی ایک ویڈیو شیئر کی جس کا عنوان “جسٹس دی امریکن وے” رکھا گیا تھا۔ اس ویڈیو میں حقیقی فوجی کارروائیوں کی فوٹیج کے ساتھ ہالی ووڈ فلموں اور ویڈیو گیمز کے مناظر بھی شامل کیے گئے۔
ویڈیو میں Iron Man، Top Gun، Braveheart، Gladiator، Breaking Bad اور John Wick کے مناظر دکھائے گئے، جبکہ امریکی فوجی حملوں کی اصل ویڈیوز بھی شامل کی گئیں۔
اسی ویڈیو میں Tropic Thunder کا ایک کلپ بھی شامل تھا جس پر ردعمل دیتے ہوئے بین اسٹلر نے کہا کہ “ہم نے اس کی اجازت نہیں دی اور نہ ہی ہم کسی پروپیگنڈا مہم کا حصہ بننا چاہتے ہیں، جنگ کوئی فلم نہیں ہے۔”
رپورٹس کے مطابق ویڈیو میں امریکی وزیر دفاع Pete Hegseth کی بریفنگ کا ایک مختصر کلپ بھی شامل کیا گیا جبکہ ایک منظر میں Transformers کا کمپیوٹر سے تیار کردہ کردار بھی دکھایا گیا۔
اس کے علاوہ ایک اور پوسٹ میں وائٹ ہاؤس نے ویڈیو گیم Grand Theft Auto کا ایک معروف مگر نامناسب مکالمہ استعمال کرتے ہوئے ایران پر حملوں کی فوٹیج بھی شیئر کی، جس پر سوشل میڈیا پر نئی بحث شروع ہو گئی ہے۔