نیویارک – اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل آج ایران کی جانب سے اپنے عرب پڑوسی ممالک پر حملوں کی مذمت سے متعلق ایک مسودہ قرارداد پر ووٹنگ کرے گی۔
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق قرارداد کے مسودے میں ایران کی جانب سے بحرین، کویت، عمان، قطر، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور اردن پر حملوں کی مذمت کی گئی ہے اور تہران سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ فوری طور پر پڑوسی ریاستوں کے خلاف تمام حملے اور دھمکیاں بند کرے۔
قرارداد میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ایران کو پراکسی گروپس کے ذریعے کیے جانے والے حملوں کو بھی روکنا ہوگا تاکہ خطے میں کشیدگی مزید نہ بڑھے۔
ایک سرکاری اعلان سے قبل نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بات کرنے والے تین سفارت کاروں کے مطابق اس مسودہ قرارداد پر آج سہ پہر ووٹنگ متوقع ہے۔
یہ قرارداد خلیج تعاون کونسل (GCC) کے رکن ممالک کی جانب سے پیش کی گئی ہے اور اسے حالیہ بحران کے دوران سلامتی کونسل میں زیر غور آنے والی پہلی باضابطہ قرارداد قرار دیا جا رہا ہے۔ یہ پیش رفت ایسے وقت سامنے آئی ہے جب اسرائیل اور امریکا کی جانب سے ایران پر فضائی حملوں کے بعد خطے میں کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے اور ایران نے بھی اسرائیل سمیت مختلف مقامات پر جوابی حملے کیے ہیں۔
