پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل نے ملک بھر کے میڈیکل اور ڈینٹل کالجز کو داخل شدہ ہر طالبعلم کی لازمی رجسٹریشن یقینی بنانے کا حکم دے دیا۔ قواعد کی خلاف ورزی پر بھاری جرمانوں اور دیگر سخت کارروائیوں کا فیصلہ بھی کرلیا۔
مراسلے کے مطابق تمام سرکاری اور نجی کالجز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ داخلہ لینے والے ہر طالبعلم کی بروقت رجسٹریشن یقینی بنائیں۔ مقررہ مدت میں رجسٹریشن نہ کرنے پر فی طالبعلم 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔
پی ایم ڈی سی کے مطابق مختص نشستوں سے زائد داخلوں کی صورت میں ادارے سے ہر طالبعلم کی 100 فیصد فیس وصول کی جائے گی جبکہ بے ضابطہ داخلوں پر بھی مکمل فیس لی جائے گی۔ ضابطوں کی خلاف ورزی کرنے والے اداروں کی آئندہ سال نشستیں بھی کم کی جا سکتی ہیں۔
مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ گریجویشن رپورٹ تاخیر سے جمع کرانے پر 75 ہزار روپے فی طالبعلم جرمانہ ہوگا جبکہ سالانہ امتحانی نتائج تاخیر سے رپورٹ کرنے پر 30 ہزار روپے فی طالبعلم جرمانہ مقرر کیا گیا ہے۔
پی ایم ڈی سی کے مطابق میرٹ اور داخلہ فہرست تاخیر سے جاری کرنے پر 5 لاکھ روپے جرمانہ اور یومیہ 50 ہزار روپے اضافی جرمانہ عائد ہوگا۔ تین مرتبہ خلاف ورزی کرنے والے اداروں کو کونسل کی گرے لسٹ میں شامل کیا جائیگا۔
