ڈونلڈ ٹرمپ کے ایران کے خلاف جنگ جاری رکھنے کے اعلان کے بعد عالمی توانائی منڈی میں شدید ردعمل دیکھنے میں آیا ہے، جہاں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
عالمی سطح پر برطانوی معیار کا خام تیل برینٹ کروڈ تقریباً 4 فیصد اضافے کے بعد 105.55 ڈالر فی بیرل تک جا پہنچا ہے۔ اسی طرح امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ بھی 3 فیصد اضافے کے ساتھ 103 ڈالر فی بیرل کی سطح پر ٹریڈ کر رہا ہے۔
ماہرین کے مطابق مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور ممکنہ عسکری کارروائیوں کے باعث تیل کی سپلائی متاثر ہونے کے خدشات نے سرمایہ کاروں کو محتاط بنا دیا ہے۔ اس صورتحال کے نتیجے میں توانائی کی عالمی منڈی میں غیر یقینی کیفیت پیدا ہو گئی ہے، جس کا براہِ راست اثر قیمتوں پر پڑ رہا ہے۔
صدر ٹرمپ نے حالیہ خطاب میں ایران کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے اور آئندہ ہفتوں میں مزید سخت اقدامات کا عندیہ دیا تھا، جس کے بعد مارکیٹ میں بے چینی مزید بڑھ گئی ہے۔
