پی ایس ایل 11: حیدرآباد کنگزمین کی راولپنڈیز کو 5 وکٹوں سے شکست، مسلسل ناکامیوں کا سلسلہ برقرار

PSL 11: Hyderabad Kingsmen defeat Rawalpindi by 5 wickets, continuing series of failures

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 11 کے 24ویں میچ میں حیدرآباد کنگزمین نے راولپنڈیز کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر اہم کامیابی حاصل کر لی، جبکہ راولپنڈیز کی ٹیم ایونٹ میں چھ میچز کھیلنے کے باوجود تاحال ایک بھی فتح حاصل نہ کر سکی۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں حیدرآباد کنگزمین نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، جو بعد ازاں درست ثابت ہوا۔ راولپنڈیز کی بیٹنگ لائن خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر صرف 121 رنز ہی بنا سکی۔ سیم بلنگز 26 اور یاسر خان 24 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، تاہم دیگر بیٹرز بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے۔

حیدرآباد کنگزمین کی جانب سے باؤلنگ میں حنین شاہ اور محمد علی نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے تین، تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ آصف محمود اور گلین میکسویل نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

ہدف کے تعاقب میں حیدرآباد کنگزمین نے پراعتماد بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 122 رنز کا ہدف 17ویں اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ کپتان مارنس لبوشین، کوشل پریرا اور عرفان خان نیازی نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔

راولپنڈیز کی جانب سے آصف آفریدی نے دو جبکہ بین سیئرز، محمد عامر اور سعد مسعود نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی، تاہم وہ ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے۔

میچ میں شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرنے پر حنین شاہ کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

میچ کے دوران پی ایس ایل 11 میں "پنک ڈے” بھی منایا گیا، جس میں کھلاڑیوں، آفیشلز، کمنٹیٹرز اور پریزنٹرز نے پنک رنگ کی کیپس، ربنز اور شرٹس پہن کر بریسٹ کینسر سے آگاہی مہم میں حصہ لیا۔

واضح رہے کہ ایونٹ کے گزشتہ میچ میں پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست دے کر اپنی ناقابلِ شکست پوزیشن برقرار رکھی تھی، جبکہ آج کے دوسرے میچ میں کراچی کنگز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان مقابلہ متوقع ہے۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے