ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ عالمی برادری کو امریکا اور اسرائیل کی جانب سے شہری تنصیبات پر ہونے والے حملوں کا سنجیدگی سے نوٹس لینا چاہیے۔
اپنے بیان میں ایرانی صدر نے امریکا اور اسرائیل کی کارروائیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسکولوں اور زچگی وارڈز جیسے حساس مقامات کو نشانہ بنانا نہ صرف انسانی اقدار بلکہ بین الاقوامی قوانین کی بھی کھلی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے ایسے اقدامات کو “شرمناک” قرار دیتے ہوئے کہا کہ دنیا کو اس پر خاموش نہیں رہنا چاہیے۔
مسعود پزشکیان کا کہنا تھا کہ ایران کو دہشت گرد قرار دینے والے خود معصوم شہریوں کے قتل میں ملوث ہیں، جبکہ ایران نے کبھی کوئی جرم نہیں کیا اور ہمیشہ خطے میں امن و استحکام کے قیام کی حمایت کی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران مذاکرات اور تعمیری تعاون پر یقین رکھتا ہے، اور حالیہ جنگ کے دوران ایرانی عوام کے اتحاد نے دشمن کی سازشوں کو ناکام بنایا۔ صدر نے ایرانی ہلال احمر کی خدمات کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ مشکل حالات میں امدادی سرگرمیاں قابلِ تحسین رہیں۔
ایرانی صدر کے اس بیان کو خطے میں جاری کشیدگی اور عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی سفارتی سرگرمیوں کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
