لندن میں ایران جنگ کے خلاف ہونے والے ایک بڑے مظاہرے کے دوران چاقو سے حملے کا واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہو گئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ برطانوی وزیرِاعظم کی رہائش گاہ کے قریب پیش آیا، جہاں ایران جنگ مخالف مظاہرے میں ہزاروں افراد شریک تھے۔ عینی شاہدین کے مطابق حملہ اچانک کیا گیا جس سے مظاہرین میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
پولیس نے فوری طور پر علاقے کی ناکہ بندی کر کے کارروائی شروع کی اور متعدد افراد کو حراست میں لے لیا۔ زخمیوں کو موقع پر ہی ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی جبکہ بعض کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔
مظاہرین کی جانب سے الزام عائد کیا گیا ہے کہ حملہ شاہ ایران کے حامی عناصر کی جانب سے کیا گیا، تاہم پولیس نے ابھی تک اس حوالے سے حتمی مؤقف جاری نہیں کیا۔
حکام کے مطابق واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں اور سیکیورٹی کے پیش نظر علاقے میں پولیس کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔
