سری لنکا کے دارالحکومت Colombo کے مرکزی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ایک غیر معمولی کارروائی میں 22 بدھ راہبوں کو گرفتار کر لیا گیا، جن کے قبضے سے تقریباً 110 کلوگرام چرس برآمد ہوئی ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سری لنکن کسٹمز حکام کا کہنا ہے کہ یہ گروپ Bangkok سے چار روزہ قیام کے بعد واپس آ رہا تھا اور انہوں نے اپنے سامان میں ’’کوش‘‘ نامی اعلیٰ معیار کی منشیات مہارت سے چھپا رکھی تھی۔
کسٹمز ترجمان کے مطابق ہر راہب نے اپنے بیگ کے خفیہ خانوں میں تقریباً 5 کلوگرام منشیات چھپا رکھی تھی، جسے اسکیننگ کے دوران پکڑ لیا گیا۔
حکام نے بتایا کہ گرفتار افراد کو مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے اور انہیں جلد عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ زیادہ تر راہب سری لنکا کے مختلف مندروں سے تعلق رکھنے والے نوجوان طالب علم ہیں، جبکہ ایک تاجر نے ان کے سفر کے اخراجات برداشت کیے تھے۔
کسٹمز حکام کے مطابق کولمبو ایئرپورٹ پر ’’کوش‘‘ منشیات کی یہ اب تک کی سب سے بڑی کھیپ ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ سال بھی اسی ہوائی اڈے پر ایک برطانوی خاتون کو 46 کلوگرام منشیات کے ساتھ گرفتار کیا گیا تھا، جو بنکاک سے کولمبو پہنچی تھی۔
حکام نے اس واقعے کو منشیات اسمگلنگ کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کی بڑی کامیابی قرار دیا ہے، جبکہ اس کیس کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
