حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 6.51 روپے جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 19.39 روپے فی لیٹر اضافہ کر دیا ۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 6 روپے 51 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد فی لیٹرپیٹرول کی نئی قیمت 399 روپے 86 پیسے مقرر کر دی گئی ہے ۔
ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 19.39 روپے فی لیٹر اضافہ کر دیا گیا ہے جس کے بعد نئی قیمت 399 روپے 58 پیسے مقرر کر دی گئی ہے ۔
حکام کے مطابق پیٹرولیم ڈویژن نے نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیاہے ، قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا۔
قیمتوں میں اس اضافے سے مہنگائی میں مزید اضافہ ہونے کا خدشہ ہے، جبکہ ٹرانسپورٹ اور اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بھی متاثر ہو سکتی ہیں۔
دوسری جانب پیٹرولیم ڈویژن نے یکم مئی سے پٹرول پمپس کی بندش سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی بلا تعطل جاری رہے گی۔
ترجمان پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق عوام کو گمراہ کرنے والی افواہوں سے اجتناب کیا جائے اور ایسے منفی پروپیگنڈے کے ذریعے بے چینی پھیلانے سے گریز کیا جائے۔
حکام کا کہنا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی اور جنگ کے آغاز کے باوجود پاکستان میں پیٹرولیم سپلائی مسلسل برقرار رکھی گئی ہے اور آئندہ بھی اس کا تسلسل یقینی بنایا جائے گا
