امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ یورپ کے کم از کم تین ممالک میں امریکی فوجیوں کی تعداد کم کرنے پر غور کر رہے ہیں، جبکہ انہوں نے یورپی اتحادیوں پر سخت تنقید بھی کی ہے۔
وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے اشارہ دیا کہ اسپین اور اٹلی میں امریکی فوجی موجودگی میں کمی کی جا سکتی ہے، جبکہ اس سے قبل انہوں نے جرمنی میں بھی فوجیوں کی ممکنہ کمی کا عندیہ دیا تھا۔
صدر ٹرمپ نے یورپی ممالک پر الزام عائد کیا کہ انہوں نے امریکا اور اسرائیل و ایران کے درمیان جاری کشیدگی میں خاطر خواہ تعاون نہیں کیا۔
انہوں نے جرمن چانسلر فریڈرک مرز پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے فرائض بہتر انداز میں ادا نہیں کر رہے۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا اور یورپ کے درمیان دفاعی اخراجات، عالمی تنازعات اور اتحاد کے کردار سے متعلق اختلافات پہلے ہی بحث کا موضوع بنے ہوئے ہیں۔
