پاکستان اور چین کے اداروں کے درمیان مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط ہوگئے۔
تقریب میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے شرکت کی، سید قاسم نوید قمر، چیف سیکرٹری سندھ علی حسن بروہی اور پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی بھی موجود تھے۔ پاک چین 75 سالہ دوستی پر مبنی دستاویزی فلم دکھائی گئی۔
دونوں ملکوں کے درمیان تعمیراتی مشینری، صحت حیوانات اور میڈیکل ٹیکنالوجی سے متعلق معاہدوں پر دستخط کئے گئے، سہ فریقی تعاون سے سی پیک سے متعلق تعمیراتی میشنری اور آلات کی فراہمی کو فروغ حاصل ہوگا، فریقین پاکستان میں فیکٹریوں کے قیام کیلئے سرمایہ کاری کے مواقع کا جائزہ لیں گے۔
تقریب میں الحسن ٹریڈ اسٹیبلشمنٹ، سینی انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ اور ہینان جیالونگ انٹرنیشنل ٹیکنالوجی میں مفاہتمی یادداشت پر دستخط کئے گئے، سینیٹر سلیم مانڈوی والا، نائب صدر سینی گروپ اور چیئرمین نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے۔
حیوانات کیلئے ویکسین اور منہ کھر ویکسین کی فراہمی کیلئے مشترکہ منصوبے کا معاہدہ طے پایا، پاکستان میں جانوروں کیلئے ٹریک اور ٹریس ایبلٹی سسٹمز کے نفاذ پر تعاون کی شق شامل ہے۔ معاہدے پر شرجیل انعام میمن اور چیئرمین لوئیانگ ماڈرن ٹیکنالوجی گروپ وانگ شانپو نے دستخط کئے۔
اس کے علاوہ ڈاکٹر ضیاء الدین ہسپتال اور شینزن وی بانگ ٹیکنالوجی کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے، مفاہمتی یادداشت کا مقصد کلینیکل میڈیسن میں ذہین روبوٹس کے جدید استعمال کو فروغ دینا ہے۔ مفاہمتی یادداشت پر ڈاکٹر انوپ کمار داوانی اور شینزن وی بانگ ٹیکنالوجی کے ڈپٹی جنرل منیجر نے دستخط کئے۔
