اسلام آباد: حکومت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کی اپوزیشن کی تجویز مسترد کر دی۔
سینیٹ میں وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے کہا کہ کمیٹی بنانے کی کوئی گنجائش نہیں، قانون میں اجازت نہیں ہے کہ ان ملاقاتوں کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کریں۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ بشریٰ بی بی اور بانی پی ٹی آئی کا بہترین علاج مہیا کیا جا رہا ہے، اپوزیشن نے قواعد کی خلاف ورزی نہیں کی تو ہائی کورٹ جائے۔
اس کے علاوہ قومی اسمبلی میں وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سےملاقات کوئی ایسا سیاسی مسئلہ نہیں کہ ایوان یقین دہانی کرائے، بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق کوئی بھی مسئلہ ہو حکومت دیکھ رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کہا گیا رات کو کیوں اسپتال لے جایا گیا تو میڈیکل ایمرجنسی وقت پوچھ کر تو نہیں آتی۔
واضح رہے کہ اپوزیشن نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کا مطالبہ کرتے ہوئے قومی اسمبلی اور سینیٹ میں احتجاج کیا تھا۔
سینیٹ میں قائد حزب اختلاف راجہ ناصر عباس نے بانی پی آئی اور دیگر قیدیوں سے ملاقات کے لیے حکومت اور اپوزیشن ارکان پر مشتمل کمیٹی بنانے کی تجویز دی تھی۔
