پشاور: فتنۃ الخوارج سے تنگ خیبر پختونخوا کے غیور عوام نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے دہشت گرد رشتہ داروں سے سرعام لاتعلقی اور پاک فوج کی مکمل حمایت کا اعلان کر دیا۔
ضلع بنوں کے رہائشی وزیر اقبال نے اپنے دہشت گرد بیٹے خارجی شاکر اللہ سے مکمل لاتعلقی کا اعلان کر دیا۔
بنوں پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران خارجی شاکر اللہ کے والد نے اپنے بیٹے سے اعلان لاتعلق کرتے ہوئے کہا کہ خارجی شاکر اللہ کے اچھے برے اعمال اور ریاست مخالف سرگرمیوں سے ہمارا کوئی تعلق نہیں ہے۔
والد کا کہنا تھا کہ خارجی شاکر اللہ تقریباً چھ ماہ قبل گھر چھوڑ کر چلا گیا تھا اور ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہوگیا، خارجی شاکر اللہ کو واپس لانے کے لیے ہر ممکن کوشش کی، رشتہ داروں سمیت اہلِ خانہ کو بھی اس کے پیچھے بھیجا مگر وہ واپس نہیں آیا۔
خارجی کے والد کا کہنا تھا کہ ہم ریاستی اداروں، پاک فوج اور حکومتِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ہر قسم کے تعاون کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔
خیبر پختونخوا میں فتنۃ الخوارج سے عوامی نفرت میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے اور ان کا ریاست مخالف بیانیہ اب مکمل طور پر زمین بوس ہو چکا ہے۔
