خیبر پختونخوا کے بالائی اضلاع میں گرمی میں شدت اور بارشوں کے باعث گلیشئر تیزی سے پگھلنے کا انتباہ جاری کردیا گیا ۔ اپرکوہستان،سوات، اپردیر، اپرچترال اور لوئرچترال کی انتظامیہ کو گلشیائی جھیلوں کے ممکنہ پھٹنے پر نظر رکھنے کی ہدایات جاری کردی گئیں ۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہوائوں کا نیا سلسلہ خیبر پختونخوا میں داخل ہوچکا ہے جس سے تیز بارشوں کی پیشن گوئی کی گئی ہے ۔اسی طرح درجہ حرارت میں اچانک اضافے اور بارشوں کے باعث گلیشیئر کے پھٹنے اور اس سے بالائی علاقوں میں اچانک آنے والے سیلابی ریلے کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ بالائی اضلاع اپر و لوئر چترال، اپر دیر، سوات اوراپر کوہستان میں تیز بارشوں اور بعض مقامات پر شدید بارش کا امکان ہے۔ پی ڈی ایم اے نے مقامی آبادی اور سیاحوں کو ندی نالوں اور دریاؤں کے قریب غیر ضروری نقل و حرکت سے گریزکرنے کی ہدایت کر دی ۔حساس علاقوں میں مویشیوں اور ضروری سامان کو محفوظ اور بلند مقامات پر منتقل کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔ اسی طرح متعلقہ اداروں اور سول انتظامیہ کو حساس علاقوں میں نگرانی بڑھانے اور بروقت وارننگ سسٹم فعال رکھنے کی بھی ہدایت کی گئی ۔
