اسلام آباد: بھارت پاکستان کے خلاف اپنے گمراہ کن بیانیے کی ترویج کے لیے تمام وسائل اور پراکسیز استعمال کر رہا ہے تاہم مودی حکومت کے جھوٹ اور پروپیگنڈے پر مبنی مؤقف کے باوجود پاکستانی بیانیہ عالمی سطح پر زیادہ مؤثر اور قابلِ اعتماد ثابت ہو رہا ہے۔
بھارت کے سابق ڈپٹی نیشنل سکیورٹی ایڈوائزر اروند گپتا نے بھی اعتراف کیا ہے کہ پاکستان کا بیانیہ کامیاب ہو چکا ہے۔
ان کے مطابق پاکستان نے کئی دہائیوں سے اپنے مؤقف کو منظم انداز میں پیش کرنے پر مسلسل کام کیا، جس کے باعث اسے سفارتی سطح پر کامیابی حاصل ہوئی۔
اروند گپتا کا کہنا تھا کہ آئی ایس آئی، آئی ایس پی آر اور دیگر اداروں سے وابستہ افراد مختلف پلیٹ فارمز پر متحرک ہیں اور پاکستان نے بھارتی بیانیے کا توڑ کرنے کے لئے ایک طویل المدتی حکمت عملی اپنائی۔
انہوں نے یہ بھی تسلیم کیا کہ خلیجی جنگ کے تناظر میں ایران نے پاکستان پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا، جو پاکستان کی علاقائی اہمیت اور سفارتی حیثیت کو ظاہر کرتا ہے۔
ماہرین کے مطابق جب خود بھارت کے سابق اعلیٰ سیکیورٹی حکام اپنے بیانیے پر شکوک و شبہات ظاہر کریں تو اس پر سوالات اٹھنا فطری امر ہے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ بھارت نے عالمی سطح پر اپنے عمومی تاثر پر زیادہ توجہ دی، جبکہ پاکستان نے مؤثر سفارتکاری کے ذریعے اپنے مؤقف کی سچائی کو اجاگر کیا۔
ماہرین نے اس بیان کو محض ایک سابق بھارتی عہدیدار کی رائے قرار دینے کے بجائے پاکستان کی سفارتی، اخلاقی اور اسٹریٹجک سچائی کی اہم تصدیق قرار دیا ہے۔
