ماؤنٹ ایورسٹ پر موسم سازگار ہوتے ہی کوہ پیماؤں کا غیر معمولی رش دیکھنے میں آیا، جہاں 21 مئی کو 274 افراد نے دنیا کی بلند ترین چوٹی سر کر کے ایک روز میں کامیاب سمٹ کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا۔
اس سے قبل ایک روز میں سب سے زیادہ کامیاب سمٹ کا ریکارڈ 2019 میں 223 کوہ پیماؤں نے بنایا تھا۔
رپورٹس کے مطابق Nepal نے رواں سیزن میں تقریباً 500 کلائمبنگ پرمٹ جاری کیے، جس کے باعث 8 ہزار میٹر سے زائد بلند خطرناک “ڈیتھ زون” میں بھی کوہ پیماؤں کی طویل قطاریں دیکھی گئیں۔
اس سیزن کے دوران معروف شیرپا کوہ پیما Kami Rita Sherpa نے 32 ویں بار ماؤنٹ ایورسٹ سر کر کے اپنا ہی عالمی ریکارڈ مزید بہتر بنا لیا۔
اسی طرح Lhakpa Sherpa نے 11ویں مرتبہ ایورسٹ سر کر کے خواتین میں نیا ریکارڈ قائم کیا۔
دوسری جانب دونوں ٹانگوں سے محروم روسی کوہ پیما Rustam Nabiev نے صرف ہاتھوں کے سہارے ماؤنٹ ایورسٹ سر کر کے عالمی سطح پر توجہ حاصل کی۔
تاہم اس کامیاب سیزن کے دوران دو بھارتی کوہ پیماؤں کی ہلاکت بھی رپورٹ ہوئی ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ارون تیواری اور سندیپ آرے نے چوٹی سر کرنے کے بعد واپسی کے دوران شدید تھکن اور خراب جسمانی حالت کے باعث جان کی بازی ہار دی۔
ایکسپیڈیشن آپریٹرز ایسوسی ایشن نیپال کے سیکریٹری جنرل کے مطابق سندیپ آرے کو “بالکونی” سے “ساؤتھ کول” منتقل کرنے کی کوشش کی گئی لیکن وہ جانبر نہ ہو سکے، جبکہ ارون تیواری “ہلیری اسٹیپ” کے قریب شدید تھکن کا شکار ہوئے اور 4 شیرپا گائیڈز کی کوششوں کے باوجود انہیں بچایا نہ جا سکا۔
