امریکہ نے آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی ختم کردی، ایران کو جوہری ہتھیار نہ رکھنے پر متفق ہونا ہوگا: ٹرمپ

امریکی صدر Donald Trump نے دعویٰ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی ختم کر دی گئی ہے اور امریکی بحری جہاز اب واپسی کا عمل شروع کر سکتے ہیں۔

وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران کو اس بات پر متفق ہونا ہوگا کہ وہ کبھی بھی جوہری ہتھیار یا ایٹم بم حاصل نہیں کرے گا، جبکہ آبنائے ہرمز کو فوری طور پر مکمل بحری آمد و رفت کے لیے کھولنا ہوگا۔

امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ ایرانی نیوکلیئر تنصیبات سے متعلق مواد تقریباً تباہ شدہ پہاڑوں کے نیچے گہرائی میں دفن ہے، اور افزودہ یورینیم کی یہ تباہی 11 ماہ قبل امریکی بی ٹو بمبار طیاروں کے حملوں کے نتیجے میں ہوئی تھی۔

انہوں نے کہا کہ امریکا اس ایرانی “نیوکلیئر ڈسٹ” کو زمین سے نکالے گا، اور اس عمل میں چین اور امریکا دونوں کے پاس مطلوبہ تکنیکی صلاحیت موجود ہے۔ ان کے مطابق یہ کارروائی ایران اور International Atomic Energy Agency کے تعاون اور نگرانی میں کی جائے گی، جس کے بعد اس مواد کو مکمل طور پر تباہ کر دیا جائے گا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ دیگر کئی معاملات پر بھی اتفاق رائے ہو چکا ہے، تاہم اب وہ صورتحال کا حتمی جائزہ لینے کے لیے سچویشن روم میں اہم اجلاس کر رہے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ آبنائے ہرمز میں موجود آبی بارودی سرنگوں کو ختم کرنے کے لیے امریکی زیرِ آب مائن سویپرز نے کئی سرنگوں کو دھماکے سے تباہ کیا ہے، جبکہ ایران باقی ماندہ بارودی سرنگوں کو فوری طور پر ہٹائے گا یا تباہ کرے گا۔

امریکی صدر کے مطابق آبنائے ہرمز کو بغیر کسی ٹول ٹیکس کے عالمی بحری آمد و رفت کے لیے کھولا جائے گا تاکہ تجارتی اور تیل بردار جہاز آزادانہ طور پر گزر سکیں۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے