چاچا کرکٹ کا نصف صدی پر محیط کرکٹ سفر اختتام کے قریب، کل فیصلہ کن ون ڈے کے بعد ریٹائرمنٹ

لاہور: پاکستان کرکٹ کے سب سے معروف، پرجوش اور وفادار سپورٹر عبدالجلیل (چاچا کرکٹ) کل 4 جون کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلے جانے والے فیصلہ کن تیسرے ون ڈے کے بعد اپنی طویل کرکٹ وابستگی کو خیرباد کہہ دیں گے۔

سبز لباس، قومی پرچم اور "پاکستان زندہ باد” کے نعروں کے ساتھ دنیا بھر کے کرکٹ میدانوں میں پاکستانی ٹیم کی حوصلہ افزائی کرنے والے 77 سالہ چاچا کرکٹ گزشتہ 57 برس سے پاکستانی کرکٹ کی ایک منفرد شناخت سمجھے جاتے ہیں۔ ان کی ریٹائرمنٹ نہ صرف ان کے لیے بلکہ لاکھوں پاکستانی شائقین کے لیے بھی ایک جذباتی لمحہ ثابت ہوگی۔

ایک خصوصی گفتگو میں چاچا کرکٹ نے بتایا کہ بڑھتی عمر اور آنکھوں کے آپریشن کے بعد انہوں نے کرکٹ سے باقاعدہ ریٹائر ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ وہ میدانوں میں پہلے کی طرح موجود نہیں ہوں گے، لیکن قومی ٹیم کے لیے ان کی محبت، دعائیں اور حمایت ہمیشہ برقرار رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور دنیا بھر میں جہاں بھی انہیں قومی ٹیم کی حمایت کا موقع ملا، وہاں شائقین اور کرکٹ حکام نے انہیں بے پناہ محبت دی، جسے وہ کبھی فراموش نہیں کر سکتے۔ ان کے مطابق پاکستان کی ہر بڑی کامیابی ان کے لیے عید کی خوشیوں سے کم نہیں رہی۔

حال ہی میں قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ کے دوران پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی چاچا کرکٹ کی طویل خدمات کے اعتراف میں خصوصی خراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر انہوں نے پاکستان کرکٹ بورڈ، قومی کرکٹرز اور دنیا بھر میں موجود پاکستانی شائقین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہیں فخر ہے کہ انہوں نے اپنی زندگی کا ایک بڑا حصہ پاکستان کرکٹ کے نام کیا۔

چاچا کرکٹ نے ریٹائرمنٹ کے بعد سیالکوٹ کے قریب ایک منفرد ریسٹورنٹ اور کرکٹ میوزیم قائم کرنے کا منصوبہ بھی ظاہر کیا ہے۔ ان کے مطابق اس میوزیم میں ان کے طویل کرکٹ سفر سے وابستہ نایاب تصاویر، تاریخی ٹکٹیں، جرسیز اور دیگر یادگار اشیاء محفوظ کی جائیں گی تاکہ نئی نسل پاکستان کرکٹ کی تاریخ اور اس کے یادگار لمحات سے آگاہ ہو سکے۔

عبدالجلیل نے اپنے کرکٹ سفر کا آغاز 1968-69 میں لاہور میں انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچ سے کیا تھا۔ وقت گزرنے کے ساتھ وہ پاکستانی کرکٹ شائقین کی علامت بن گئے اور شارجہ، لندن، میلبورن سمیت دنیا کے متعدد معروف کرکٹ اسٹیڈیمز میں قومی ٹیم کی حمایت کرتے نظر آئے۔

انہوں نے اپنی آنکھوں سے پاکستان کرکٹ کی کئی تاریخی کامیابیاں دیکھی ہیں، جن میں جاوید میاں داد کا 1986 کا یادگار چھکا، 1992 کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان کی فتح اور آئی سی سی چیمئین ٹرافی 2017 کی تاریخی کامیابی شامل ہیں۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے