ایران نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ سمیت دیگر امریکی رہنماؤں کے قتل کی مبینہ منصوبہ بندی سے متعلق امریکی الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد قرار دیا ہے۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے امریکی وزیر خارجہ مارک روبیو کے سینیٹ میں دیے گئے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ایران کے خلاف عائد کیے جانے والے الزامات حقیقت پر مبنی نہیں ہیں۔
اسماعیل بقائی نے اپنے بیان میں کہا کہ ’’ان کا ہر الزام دراصل ایک اعتراف ہے۔‘‘ ان کے بقول امریکی حکام مظلومیت کا تاثر دے کر ایران کے خلاف اپنے اقدامات اور پالیسیوں سے توجہ ہٹانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
ایرانی ترجمان نے مزید کہا کہ ایسے بیانات ایران کے خلاف مبینہ جنگی جرائم، نسل کشی کے اقدامات اور انسانیت کے خلاف جرائم سے متعلق عالمی تنقید کو نہیں چھپا سکتے۔
انہوں نے زور دیا کہ تہران خطے میں کشیدگی کم کرنے اور سفارتی حل کی حمایت کرتا ہے، تاہم ایران کے خلاف لگائے جانے والے الزامات کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔
