گلگت بلتستان اسمبلی انتخابات: 24 حلقوں میں کل پولنگ، انتظامات آخری مرحلے میں داخل

گلگت بلتستان اسمبلی کے 24 حلقوں میں کل انتخابی دنگل سجنے جا رہا ہے، جس کے لیے انتظامات آخری مراحل میں داخل ہو چکے ہیں جبکہ مختلف علاقوں میں انتخابی سامان اور عملے کی ترسیل کا عمل جاری ہے۔

ضلع دیامر کے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر کیپٹن (ر) محمد اویس عباسی کے مطابق ضلع دیامر میں عام انتخابات کے انعقاد کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ضلع کے چار حلقوں میں مجموعی طور پر 173 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں، جن میں مرد ووٹرز کے لیے 68، خواتین کے لیے 67 جبکہ 38 مشترکہ پولنگ اسٹیشنز شامل ہیں۔

ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر کے مطابق ضلع دیامر میں ایک لاکھ 58 ہزار سے زائد ووٹرز اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں گے۔ انتخابی عمل کے پرامن انعقاد کے لیے ڈیوٹی مجسٹریٹس، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور جی بی اسکاؤٹس کی خدمات حاصل کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ دو گھنٹوں کے دوران انتخابی عملے اور سامان کی ترسیل مکمل کر لی جائے گی، جبکہ پوسٹل بیلٹ جمع کرانے کی آخری مہلت رات 12 بجے تک ہے، اس کے بعد موصول ہونے والے بیلٹ قابل قبول نہیں ہوں گے۔

حکام کے مطابق پولنگ صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی اور ووٹ ڈالنے کے لیے ہر شہری کے پاس قومی شناختی کارڈ کا ہونا لازمی ہوگا۔

کیپٹن (ر) محمد اویس عباسی کا کہنا تھا کہ جعلی بیلٹ پیپرز سے متعلق اب تک کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی، تاہم اگر کسی کے پاس کوئی اعتراض یا شکایت ہے تو وہ ثبوت کے ساتھ متعلقہ حکام سے رجوع کرے۔

انہوں نے واضح کیا کہ خواتین کو ووٹ ڈالنے سے کوئی نہیں روک سکتا اور اگر کسی علاقے میں خواتین کے ووٹ کے حق میں رکاوٹ ڈالی گئی تو قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

ضلع بھر میں حساسیت کے اعتبار سے پولنگ اسٹیشنز کو تین مختلف کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیا ہے .

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے