ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے صومالیہ کے وزیر خارجہ عبدالسلام علی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، جس میں ایم ٹی آنر 25 میں سوار پاکستانی مغویوں کی رہائی کے لیے جاری کوششوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے صومالی ہم منصب کو صورتحال پر پاکستان کی شدید تشویش سے آگاہ کرتے ہوئے مغویوں کی خیریت، ان کی جلد رہائی اور محفوظ وطن واپسی کو یقینی بنانے پر زور دیا۔
صومالی وزیر خارجہ نے یقین دہانی کرائی کہ مغویوں کی جلد رہائی کے لیے حکومت کی مخلصانہ کوششیں جاری ہیں اور اس سلسلے میں ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔
دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ معاملے کے حل تک قریبی رابطہ برقرار رکھا جائے گا۔ اس موقع پر دونوں فریقین نے پاکستان اور صومالیہ کے درمیان دوطرفہ تعلقات میں مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔
صومالی وزیر خارجہ نے وسیع تر علاقائی تناظر میں پاکستان کی تعمیری سفارتی کوششوں اور ثالثی کردار کو بھی سراہا
